رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا My Lord, have mercy upon them as they brought me up when I was small Bani Israil 24
Quetta 12° Clear 20° / 8°Fajr 5:44 amDhuhr 12:20 pmAsr 3:55 pmMaghrib 5:31 pmIsha 6:56 pm
The voice of Balochistan, since October 1970Published from Quetta · Editor-in-Chief: Javid Ahmad · Editor: Kamran Javid

Netflix Faces Indian Pressure Over Pakistani Series Ban Calls

Netflix Faces Indian Pressure Over Pakistani Series Ban Calls
File photo: courtesy youtube.com

اسلام آباد: بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا دائرہ کھیل اور پانی کے بعد اب فن و ثقافت تک پھیلتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں بھارتی حکومت کی جانب سے عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پاکستانی مواد کی بھارت میں نمائش روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس سے پاکستانی ڈراموں اور سیریز تک بھارتی صارفین کی رسائی محدود کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اس اقدام پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے پلیٹ فارم سے دونوں ممالک کے لیے یکساں پالیسی اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارتی حکومت نے نیٹ فلکس سے پاکستانی سیریز «جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو» کو بھارت میں بلاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے مودی حکومت سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی کے لیے قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ بھارتی فلمی یونینز نے پاکستانی مواد نشر کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس پیش رفت پر پاکستانی صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر پاکستانی ڈراموں اور سیریز کی بھارت میں نمائش بند کی جاتی ہے تو بھارتی فلموں اور ڈراموں کو پاکستان میں دستیاب رکھنے کی کیا منطق ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس کو کسی ایک ملک کے دباؤ میں آ کر یک طرفہ فیصلہ کرنے کے بجائے دونوں ممالک کے لیے یکساں اصول اپنانے چاہییں۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی فلم «دھرندر» کی پاکستان میں نیٹ فلکس پر دستیابی اور اس کے ٹاپ ٹرینڈنگ میں شامل ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھارتی تفریحی مواد دیکھا جا رہا ہے تو بھارت میں پاکستانی فنکاروں اور تخلیقات کے لیے بھی یکساں گنجائش ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید اور حمزہ علی عباسی کی اداکاری سے مزین اس سیریز کی عالمی ریلیز 4 دسمبر کو شیڈول ہے۔ اس کی بھارت میں ممکنہ بندش کو نیٹ فلکس کے لیے ایک اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے کھیل کو ہتھیار بنایا گیا، پھر پانی کو اور اب فن و ثقافت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کرکٹ میچ سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ کیسے بن گیا؟ انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے، پانی کو بہنے، فنکاروں کو تخلیق کرنے اور ناظرین کو اپنی پسند کا مواد دیکھنے کی آزادی ہونی چاہیے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے بھی نیٹ فلکس پر پاکستانی تفریحی مواد کی پابندی کے مطالبے کو افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حوالے سے بھارتی معاشرے میں گہرا عدم تحفظ پایا جاتا ہے، حالانکہ ایک عام پاکستانی بھارت کے خلاف زہر آلود جذبات نہیں رکھتا۔

پاکستانی صارفین کے مطابق پاکستانی سیریز کی بھارت میں ممکنہ بندش صرف ایک ڈرامے کا معاملہ نہیں بلکہ فنکاروں، تخلیقی آزادی اور ثقافتی تبادلے سے جڑا اہم سوال ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نیٹ فلکس بھارتی دباؤ کے سامنے کیا فیصلہ کرتا ہے۔

Advertisement