PM Shehbaz Stresses Port Capacity to Make Pakistan a Transshipment Hub

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور پر اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لیے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہو اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ایک جدید، مستحکم اور عالمی معیار کے مطابق مسابقتی ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ملکی درآمدات و برآمدات کے لیے اپنی شپنگ سہولیات کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پی این ایس سی کا بزنس ڈویلپمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے اصلاحاتی پلان کے تحت فلیٹ کی تعداد میں اضافے اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے حوالے سے اقدامات شامل ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی این ایس سی کی اصلاحات کا بنیادی مقصد ملک کی سی کارگو کی استعداد کار کو سال 2030 تک دنیا کے بہترین معیار تک پہنچانا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظفر اقبال، ارکین قومی اسمبلی محمد فاروق ستار اور عبدالقادر پٹیل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











