Construction of Gwadar’s Jannat Bazaar Officially Begins Under Director General GDA’s Directive

گوادر: ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے انیس طارق گورگیج کی ہدایت پر اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جنت بازار کی تعمیر، توسیع، بحالی اور تزئین و آرائش کے جامع منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں تجاوزات کے خاتمے، ملبہ ہٹانے، ارتھ ورک اور لینڈ اسکیپنگ کا کام شروع کیا گیا ہے، جس کے بعد پیور اور ٹف ٹائلنگ کی جائے گی جبکہ اگلے مرحلے میں بازار میں شیڈز تعمیر کیے جائیں گے۔ بجلی کے کھمبوں اور تاروں کی منتقلی کے لیے کیسکو کو ادائیگیاں بھی کی جا چکی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کی ہدایت کے مطابق تعمیراتی سرگرمیاں دکانداروں، انجمن تاجران اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیزی کے ساتھ آگے بڑھائی جائیں گی تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور خصوصاً خواتین سمیت خریداروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ جی ڈی اے جنت بازار کے ساتھ شاہی بازار کی تعمیر، توسیع اور بحالی کے جامع منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جس کا مقصد گوادر کے قدیم تجارتی مراکز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور اولڈ ٹاؤن کی تاریخی و تجارتی اہمیت کو بحال کرنا ہے۔











